لاہور: (دنیا نیوز) جنیوا کانفرنس میں سیلاب متاثرین کے لئے 9ارب ڈالر سے زائد مالی تعاون ملنے پر تہنیتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے قرار داد جمع کرائی گئی، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ جنیوا کانفرنس میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے 9 ارب ڈالرز سے زائد مالی تعاون ملنا حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
متن میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور بلاول بھٹو عالمی برادری کو موسمیاتی اثرات سے متعلق اپنے موقف پر قائل کرنے میں کامیاب ہوئے، عالمی برادری نے موجودہ حکومت کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
قراد دار کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے انتھک محنت پر وزیراعظم شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے اجلاس اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان کا بھرپور مقدمہ لڑا، یہ ایوان سیلاب متاثرین کی جلد از جلد آبادی کاری کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔