اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی بینک نے کہا ہے کہ حالیہ بدترین سیلاب کے بعد تعمیر نو اور بحالی کے عمل میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے پرعزم ہیں۔
جنوبی ایشیا کیلئے عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریزرنے اپنے ٹویٹس میں کہا کہ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والے بحران میں پاکستانی عوام کی مدد کے حوالہ سے عالمی بینک پرعزم ہے، تعمیر نو اور بحالی کے عمل میں عالمی بینک 2 ارب ڈالر کی معاونت فراہم کر رہا ہے جو تعمیر نو و بحالی کی مجموعی ضروریات (16.2 ارب ڈالر) کا 12 فیصد بنتا ہے۔۔
مارٹن ریزر نے جنیوا میں اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان کی مشترکہ میزبانی میں منعقدہ کلائمٹ ریزیلیئنٹ پاکستان کو سراہتے ہوئے کہا کہ کانفرنس مفید اور ثمر آور ثابت ہوئی ہے، ہم نے اپنے شراکت داروں سے پاکستان کے ان لاکھوں متاثرہ لوگوں کی امداد اور بحالی کے طریقوں پر بات کی ہے جو بدترین سیلاب کے کئی مہینوں بعد بھی مشکلات کا شکار ہیں۔