لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی امور قانون سازی کے اجلاس میں پنجاب حکومت نے لاء ریفارمز کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی امور قانون سازی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء راجہ یاسر ہمایوں، علی افضل ساہی اور خرم شہزاد ورک نے شرکت کی۔
اجلاس میں وکلاء کے پیشہ ورانہ امور میں انجام دہی کے دوران تحفظ کا بل ذیلی کمیٹی کے سپرد کیا گیا، خیرالمدارس پرائمری سکول ملتان کا کنٹرول جامعہ خیرالمدارس کو واپس کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
سارہ احمد کی بطور چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو توسیع کی سفارش کی گئی جبکہ گریڈ 20 کے افسر احمر کو ملک ایم ڈی پنجاب دانش سکولز تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
قلعہ ستار شاہ سے مریدکے تک سڑک سابق ایم این اے سید منظور حسین بخاری سے موسوم کر دی گئی، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل کو ڈائریکٹر پنجاب بنک نامزد کر دیا گیا، اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت سپیشل سیکسوئل آفنسز اینڈ انویسٹی گیشن یونٹس کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
علاوہ ازیں پرائیویٹ ریزرو رولز میں ترمیم کرتے ہوئے نجی جنگلات والے افراد کو شکار کرانے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔