کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق اورنگی ٹاؤن میں ملک کے پہلے ڈیجیٹل سکول کا افتتاح کر دیا۔
ڈیجیٹل سکول کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید امین الحق نے کہا کہ حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی کے وژن کے ساتھ کام کر رہی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز سیکنڈری سکول رئیس امروہی کی انتظامی ذمہ داری ٹیلی کام فائونڈیشن ایجوکیشن سسٹم نے صوبائی حکومت سے لی تھی اور کمیونٹیز کو تبدیل کرنے کے وژن کے تحت اس کی ملک کے پہلے ڈیجیٹل سکول کے طور پر تزئین و آرائش کی گئی۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں ملک کے پہلے ڈیجیٹل اسکول کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ pic.twitter.com/aLzU8Ejtyv
— Ministry of IT & Telecom (@MoitOfficial) January 12, 2023
وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ ملک کا پہلا ڈیجیٹل سکول کراچی کے ایک غیر ترقی یافتہ علاقے اورنگی ٹائون میں کھولا گیا ہے جہاں طالبات کو رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ مارکیٹ اورینٹڈ کمپیوٹر اور کوڈنگ کی مہارت کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی جو انہیں ڈیجیٹل دنیا میں شامل ہونے کے قابل بنائے گی اور وہ تعلیم کی تکمیل سے پہلے کمانا شروع کردیں گی۔
وفاقی وزیر نے اورنگی ٹاؤن کی ترقی اور علاقہ مکینوں کی فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل سکول اورنگی ٹائون کی طالبات کے لیے کیریئر بنانے کا ایک اور اہم موقع ثابت ہوگا، اس علاقے میں ورچوئل یونیورسٹی کا کیمپس پہلے سے کام کر رہا ہے اور مولوی عبدالحق سکول میں ایک جدید آئی ٹی لیب تیار کی گئی ہے جبکہ سی ایس ایس کوچنگ کلاسز بھی اگلے ماہ شروع ہو جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل سکول کوایک گریجویشن سطح کا تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، وفاقی حکومت نے اورنگی ٹائون کی ترقی کے لیے 500 ملین روپے کی منظوری دی ہے جس سے اس علاقے کی ترقی کے لیے متعدد سکیمیں شروع کی جائیں گی۔