کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد جماعت اسلامی کراچی نے آج دوپہر 3 بجے الیکشن کمیشن کے باہر دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میں جماعت اسلامی کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موؤمنٹ ( ایم کیو ایم ) عوام سے خوفزدہ ہیں، الیکشن کمیشن خط کو بنیاد بنا کر الیکشن ملتوی نہیں کرسکتا، عوام کو جمہوری اور سیاسی حق سے محروم کیا گیا۔
انہوں نے الیکشن کمشنر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمشنر خط کو واپس پھینک کرتے ہوئے سوموٹو لیکر انتخابات کو یقینی بنائے، کراچی سے محبت کرنے والے تمام افراد آج گھروں سے نکلیں اور الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں:رات کی تاریکی میں کراچی اور حیدر آباد پر شب خون مارا گیا: حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ رات کی تاریکی میں سندھ حکومت نے شب خون مارا، عوام کو آئینی حق سے پیپلز پارٹی نے محروم کیا، مفادات کی خاطر الیکشن ملتوی کئے گئے، عوام کے مینڈیٹ سے حوفزدہ ہوکر الیکشن ملتوی کئے گئے۔