اسلام آباد: (دنیا نیوز) بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست وارننگ کیساتھ منظور کر لی۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس کی بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں سماعت جج رخشندہ شاہین نے کی، دوران سماعت سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے آخری وارننگ کے ساتھ قبول کر لیا۔
عدالت نے تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو ایک آخری وارننگ اور موقع دیا جاتا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں اس کے علاوہ جلد از جلد ایف آئی اے کے سامنے شامل تفتیش بھی ہوں۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر 31 جنوری کو دلائل بھی طلب کر لئے ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان نے بینکنگ کورٹ میں ضمانت کیلئے رجوع کر رکھا ہے۔