لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا اب شہباز شریف کو بھی قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی کوئی سکیم کامیاب نہیں ہو رہی، شہبازشریف دیکھ رہے ہیں شاید کوئی غیب سے مدد آجائے، پی ڈی ایم میں اب ایسی پھوٹ پڑ جائے گی کہ یہ اٹھنے کے قابل نہیں ہوں گے، یہ انتخابات میں منہ چھپاتے پھریں گے۔
چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ نوازشریف اس لئے نہیں آ رہے کیونکہ ان کو ناکامی نظر آرہی ہے، ایک جھوٹے کو نوازشریف نے اس کی کلاس لینے کے لئے بلا لیا ہے، عمران خان نے کل ٹھیک کہا ہے کہ شہباز شریف کا تو میں بندوبست کروں گا، اسحاق ڈار کہتے تھے میں ڈالر لے آؤں گا یہ ناکام ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کی امید ہے آخر کسی نے تو قوم کے لئے اٹھنا تھا، پی ٹی آئی کی سوچ اچھی اور لیڈر ایماندار ہے، عمران خان ملک کے لیے خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں ، تمام نوجوان اور طلبا عمران خان کے لئے کام کر رہے ہیں۔
چودھری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ ہزار لوگوں نے حکومت ختم ہونے کی مخالفت کی، ہم نے عمران خان سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا، کوئی سودے بازی نہیں ہوئی، صرف یہ سوچا کہ عمران خان ایماندار ہے، لیڈ کرنے کا اہل ہے، ہم نے 4 ماہ میں 4 سال جتنا کام ہر سیکٹر میں کیا ہے، ہر موقع پر پنجاب حکومت نظر آئی ہے۔