لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم کے آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے انسداد پولیو مہم پر اثر پڑا ہے، گزشتہ چند ماہ میں ایک بار پھر پولیو کیسز سامنے آئے لیکن پولیو ورکرز نے مشکل حالات میں کام جاری رکھا ہے ۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف مہم میں تعاون کرنے والی تنظیم کے سربراہ بل گیٹس سے بھی فون پر بات ہوئی ہے ، تمام صوبائی حکومتیں وفاق کے ساتھ مل کر مہلک وبا پر قابو پائیں گی ، ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔