لاہور: (لیاقت انصاری) مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے دو نام گورنر محمد بلیغ الرحمان کو بھجوا دیئے۔
حمزہ شہباز شریف کی جانب سے سید محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کے نام نگران وزیراعلیٰ کے لیے بھجوائے گئے، حمزہ شہباز نے مزید روابط کے لیے ملک احمد خان کو فوکل پرسن مقرر کر دیا۔
گورنر ہاؤس کو مسلم لیگ ن کی جانب سے خط ارسال کر دیا گیا جبکہ گورنر ہاؤس حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی جانب سے بھجوایا گیا خط موصول ہو گیا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے اتحادیوں سے مشاورت کے بعد نگران وزیراعلیٰ کیلیے دو نام تجویز کردیئے pic.twitter.com/NkPOW9bwSe
— PML(N) (@pmln_org) January 17, 2023
دوسری جانب پنجاب میں نگران سیٹ اپ بارے مشاورت کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے آصف علی زرداری اور چودھری شجاعت کو ٹیلی فون کیا۔
شہباز شریف نے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی رابطہ کیا، صوبے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تجویز کردہ ناموں پر اعتماد میں لیا۔
احد خان چیمہ
واضح رہے کہ، احد خان چیمہ سابق بیوروکریٹ رہے، ڈی جی ایل ڈی اے، سیکرٹری ہائیرا یجوکشین پنجاب تعینات رہ چکے ہیں، احد خان چیمہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
احد چیمہ نے گزشتہ سال جون میں سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ لی تھی، احد چیمہ کو شہباز شریف نے مشیر وزیراعظم برائے اسٹیبلشمنٹ مقرر کیا تھا۔