بلدیاتی انتخابات: پی پی نے الیکشن کمیشن سے مل کر کارروائی ڈالی: حافظ نعیم الرحمان

Published On 18 January,2023 05:07 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مل کر کارروائی ڈالی ہے۔

کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہم جانتے تھے کہ حلقہ بندیاں اور ووٹر لسٹیں درست نہیں ہیں اس کے باوجود ہم الیکشن میں گئے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا ہے، جماعت اسلامی کے ووٹ پیپلز پارٹی سے بھی دوگنا زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی شہریوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، ہم نے ہر مرحلے پر عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی ناک کے نیچے آراوز نے نتائج تبدیل کئے ہیں، تین سے چار مرتبہ الیکشن ملتوی کرائے گئے، پیپلز پارٹی نے غیر جمہوری رویہ اپنایا ہے، ضرورت پڑی تو پورے ملک شاہراہیں جام کر دیں گے۔

Advertisement