اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمارے حق پر شب خون نہ مارے، اگر پیپلز پارٹی ہمارا حق نہیں دیتی تو احتجاج سمیت بہت سارے آپشن موجود ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی حقائق کو تسلیم کرے گی تو ویل کم کریں گے، کراچی کے مسائل کوئی ایک جماعت حل نہیں کر سکتی، سب سٹیک ہولڈرز کو بیٹھنا ہو گا، پیپلز پارٹی جمہوری رویہ اپنائے تو پھر بات چیت اور مستقبل کے حوالے سے مشاورت بھی ہو گی۔
سراج الحق نے کہا کہ آصف زرداری جماعت اسلامی کےمینڈیٹ کو تسلیم کرے، ابھی ہم نے پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کا فیصلہ نہیں کیا، جماعت اسلامی سب کو ساتھ چلانے کی صلاحیت رکھتی ہے، پی ٹی آئی کے موقف کا تو پتا نہیں چلتا۔
یہ بھی پڑھیں: جیئں گے مریں گے، فارم گیارہ کے مطابق رزلٹ لیے بغیر واپس نہیں جائینگے، خرم شیر زمان
انہوں نے کہا کہ ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں الیکشن سے پہلے ریفارمز ہونی چاہئیں، اگر اسی کنڈیشن میں الیکشن ہوا تو پھر جھگڑے اور سارا نظام ختم ہو جائے گا، اس وقت رولز آف گیم نہیں ہے۔
امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن فری ملک بنائیں گے، جمعہ کو یوم تشکر کے طور پر منائیں گے، جماعت اسلامی کو ووٹ دینے پر کراچی کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، حافظ نعیم الرحمان اور ان کی ٹیم نے بہت جدوجہد کی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے میئران کا ہونا چاہئے، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا، ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہونا چاہئے۔