لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے ناموں کیلئے آئینی طور پر مشاورت کے لیے 3 دن کا وقت ہے، سپیکر صاحب کو کس بات کی عجلت ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے اپنے طور پر دو کریڈیبل نام دیئے، فواد چودھری ہمارے ناموں کے حوالے سے غلط بات کر رہے ہیں، ہم نے تحریک انصاف کے ناموں پر کوئی جملہ نہیں کسا، فواد چودھری نے تینوں نام دے کر مذاق کیا۔
ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کے ساتھ 3 سال زیادتی کی گئی، معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا، کیپٹن (ر) صفدر جنرل (ر) باجوہ بارے خود جواب دیں گے۔
مریم نواز کی وطن واپسی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میری اطلاعات بھی یہی ہیں کہ پہلے مریم نواز وطن واپس آئیں گی۔
ملک احمد خان نے کہا کہ الیکٹورل پراسس کو مذاق نہیں بنانا چاہیے، انتخابات کو اتفاق رائے کے ساتھ ہونا چاہیے، انتخابات میں سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینا پڑتی ہے، ملک ڈیفالٹ نہیں ہو گا، عمران خان 35 سیٹوں پر انتخاب لڑ کر اپنا شوق پورا کریں۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت سیاسی قوتوں کے درمیان ہوتی ہے، ایسی قوت کے ساتھ نہیں جو سیاست کو گندا کرنے آئی ہو، میری اپنی ایک رائے ہے میں ان کی سیاست سے متفق نہیں۔