بلوچستان میں خون جما دینے والی سردی، کراچی میں بھی ریکارڈ ٹھنڈ کا امکان

Published On 20 January,2023 11:17 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ کوژک ٹاپ پر ٹریول ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

توبہ اچکزئی میں برفباری کے دوران لاپتہ پولیو ٹیم کو ریسکیو کر لیا گیا ہے، پولیو ٹیم کو قلعہ عبداللہ ہیڈکوارٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔

چمن شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالے بھر گئے، شمالی بلوچستان کے موسمی اثرات آج سے سندھ بھر میں پڑنے کا امکان ہے، کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں ریکارڈ سردی متوقع ہے، کراچی میں درجہ حرارت 3 ڈگری سینی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حیدر آباد اور لطیف آباد میں بوندا باندی سے ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کر دیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی آج سے بدھ تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مینگورہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور بالاٸی علاقوں کے پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
 

Advertisement