کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان 15 ارب ڈالر خسارہ چھوڑ کر گئے، ہم ایک ملک سے قرض پکڑ کر دوسرے کو دے رہے ہیں، مطلب ٹوپی گھما رہے ہوتے ہیں۔
کوئٹہ میں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بہترین ملک ہے لیکن زیادہ تر پاکستانیوں کے لیے مفید نہیں رہا، کوئی باہر سے نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت کافی معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، مشرف دور سے قرض لے رہے آج 50 ہزار ارب تک کا قرض ہو گیا ہے، آج قرضے واپس کرنا مشکل ہو گیا ہے، ہم ایک ملک سے پکڑ کر دوسرے کو دیتے ہیں، مطلب ٹوپی گھما رہے ہوتے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہمیں اب قرضوں کے بجائے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہو گا، اگر پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے تو ہر پاکستانی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہماری گورننس بدترین ، ملک کے بہترمستقبل کیلئے سوچنا ہوگا : مفتاح اسماعیل
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 80 فیصد سکولز بند پڑے ہیں، پاکستان کا تصور نو کر رہے ہیں تو سب کو اپنے آپ کو بہتر کرنا ہو گا، نئے تصور شدہ پاکستان میں ہر بچے کو سکول بھیجنا ہو گا، جس بچے نے رات کو روٹی نہ کھائی ہو اس بچے کو صبح پڑھا نہیں سکتے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہمیں سکولوں کے اندر بچوں کو بھیجنا ہو گا، ہمیں وہ پاکستان چاہیے جہاں سب بچے سکول میں پڑھ رہے ہوں، پاکستان میں 40 فیصد بچوں کواسٹنٹ گروتھ کا مسئلہ ہے، 86 فیصد بچوں کوجو خوراک ملنی چاہیے نہیں مل رہی، کیا اس لیے پاکستان بنا تھا؟
انہوں نے کہا کہ ہمیں وہ پاکستان چاہئے جہاں سب کو روزگار ملے، بنگلا دیش، بھارت، ویت نام آج پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں، این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کو اس سال 400 ارب ملیں گے۔