گجرات: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ جیل گجرات ہنگامہ آرائی کے دوران قیدیوں نے بیرکوں کو آگ لگادی۔
ذرائع کے مطابق گجرات میں جیل انتظامیہ کے ناروا سلوک پر قیدی بھڑک اٹھے، ایک قیدی بیرک کی دیوار میں کیل لگا رہا تھا جیسے پولیس والوں نے تشدد کیا تو بات ہنگامہ آرائی تک پہنچ گئی۔
مشتعل قیدیوں نے بیرکوں کو آگ لگا دی اور جیل کی چھتوں پر چڑھ گئے،پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر جیل کو حصار میں لے لیا،فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران کچھ قیدی اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں،سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں، حالات پر جلد قابو پالیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ کا واقعہ کا نوٹس
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گجرات جیل میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی کے واقعہ کا نوٹس لیکر کمشنر اور آر پی او گجرات کو فی الفور ڈسٹرکٹ جیل پہنچنے کی ہدایت کردی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے، ذمہ دار قیدیوں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔