اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے پارٹی ارکان کے مزید استعفے منظور کئے جانے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سپیکر نے راجا ریاض کو بچانے کے لیے یہ اقدام کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ محدود تعداد میں اسمبلی جانے کا مقصد راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈرکے عہدے سے فارغ کرنا تھا، اس قومی اسمبلی کی کوئی نمائندہ حیثیت نہیں کہ اس میں واپس جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:نااہل سرکار کی مہربانیاں زندگی کے ہر شعبے میں نظر آرہی ہیں:فواد چودھری
انہوں نے کہا کہ اس وقت شہباز حکومت 172 لوگوں کی حمایت کھو چکی ہے، امپورٹڈ وزیراعظم حکومت بچانے کے لئے لوٹوں پر انحصار کر رہے ہیں جب کہ راجا ریاض کو بچانے کے لئے سپیکرکے اقدامات کے نتیجے میں 40 فیصد نشستیں خالی ہوچکی ہیں۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ملک انتخابات کے مزید قریب آگیا ہے، اس بحران کا واحد حل قومی انتخابات ہیں، حکومت کتنا عرصہ عوام سے کترائے گی، آخر فیصلہ لوگوں نے کرنا ہے اور فیصلہ ووٹ سے ہوگا۔