سرگودھا: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ حکومت میں بیٹھے لوگ اپنے تمام فیصلے امریکا سے لکھوا کر لاتے ہیں، الیکشن قریب ہیں، یہ الیکشن نہیں رک سکتے۔
سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں 15 لاکھ مزدور ٹیکسٹائل انڈسٹری میں بیروز گار ہو گئے ہیں، آج عام آدمی کی کمر ٹوٹ گئی ہے، جب تک سیاست ٹھیک نہ ہو معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی، یہ الیکشن سے ایسے بھاگ رہے ہیں جیسے کالا چور چوری کرنے کے بعد بھاگتا ہے، آج ملک میں 64 فیصد نشستیں خالی ہیں۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ان سیٹوں پر الیکشن کرانے کیلئے 70 ارب روپے چاہیئں، عمران خان نے کہا تمام ایم این ایز استعفے دیں گے، 127 ایم این ایز نے اپنی سیٹیں قربان کیں، عمران خان کے مفادات پاکستان کی مٹی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، لیڈر وہ ہوتا ہے جو اپنے ملک کی مٹی سے جڑا ہوا ہو، جب لیڈر اپنے پیسے باہر لے کر چلا جائے گا تو غربت ختم نہیں ہو سکتی۔
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا بند کمروں کے فیصلوں سے ملک میں سیاسی صورتحال خراب ہوئی، راجا پرویز اشرف نے اپنے کمرے میں سرنگ بنائی ہوئی ہے، ہم جب بھی استعفے لے کر جاتے تھے وہ سرنگ سے باہر نکل جاتے تھے، ہم جلد از جلد الیکشن کی طرف بڑھیں گے۔