لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی حیثیت ایک منشی جیسی ہو گئی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان پر مافیاز مسلط ہیں، وزیر توانائی کبھی ایک تو کبھی دوسری دکان پر پائے کھانے جاتے ہیں، ملک میں کل سے بجلی بند ہے، سپریم کورٹ سپیکر رولنگ مسترد نہ کرتی تو الیکشن ہو چکے ہوتے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے مزید کہا کہ آج ہم نے الیکشن کمیشن میں درخواست دی ہے، ہمارے ایوانوں میں 65 فیصد نشستیں خالی ہیں، صرف 35 فیصد کو بچانے کیلئے دوبارہ انتخابات ہونا ناممکن ہے، پارلیمنٹ کے اندر اس وقت 40 فیصد نشستیں خالی ہیں۔
انہوں نے کہا جو لوگ 25 مئی میں براہ راست ملوث تھے ان کو تعینات نہ کیا جائے، جب تک آپ کو سزا نہ دے دیں آپ کا پیچھا کریں گے، بادشاہی سدا نہیں رہتی، آپ 3 یا 4 ماہ کیلئے ہیں، راجہ ریاض کو ہٹانے کیلئے اعلان کیا تو استعفے منظور کرنے لگے، پہلے استعفے منظور ہی نہیں ہو رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارا قومی اسمبلی میں واپسی کا مقصد راجا ریاض کو ہٹانا تھا: فواد چودھری
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان کو ہٹانا ہی ان کا مقصد رہ گیا ہے، ایسا لگ رہا ہے پی ڈی ایم حکومت کا پاکستان سے تعلق ہی نہیں، نگران وزیر اعلیٰ تو ایک چہرہ ہے پیچھے تو کوئی اور ہے، آج لاہور کے لوگوں نے ان کو مسترد کر دیا۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خرم دستگیر کے حکم پر پلانٹس بند کر کے ملک کو اندھیروں میں ڈبو دیا گیا، جو بھی حلف لیتا ہے غیر جانبداری کا حلف لیتا ہے۔
انہوں نے کہا ہم تب تک گھروں میں نہیں بیٹھیں گے جب تک ان کو مثال نہ بنا دیا جائے، نگران وزیر اعلیٰ کے خلاف عدالت جا کر ثبوت دیں گے، جمہوری عمل میں مداخلت کرنے والوں کیخلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنائیں گے۔