کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ پولیس نے عدالتی فیصلوں کی حکم عدولی کی، فواد چودھری کو پیش نہیں کیا گیا، آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان دلیرانہ فیصلے کرنے والے آدمی ہیں، بتائیں کس قانون کے تحت عمران خان کو گرفتار کیا جائے گا؟ ہم اپنی ذات پر تکلیف برداشت کرنے کیلئے تیار ہیں، اسحاق ڈار کہا کرتے تھے ڈالر 200 روپے سے نیچے لائیں گے، آج ڈالر مارکیٹ میں 250 روپے کا بھی نہیں مل رہا۔
یہ بھی پڑھیں: روپے کی بے قدری، ڈالر بے لگام ہو کر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ملک میں ہزاروں کاروبار بند ہو گئے، لاکھوں لوگ بیروز گار ہو گئے، قوم اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے، اس وقت آئین کو کھلم کھلا چیلنج کیا جا رہا ہے، ملک احمد خان کے بیان سے لگتا ہے کہ وہ آئین سے بغاوت کرنے جا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا ایک ہفتہ بعد بھی پنجاب میں گورنر نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، آئین کے اندر واضح لکھا ہوا ہے جب اسمبلیاں تحلیل ہوں گی تو گورنر نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا ہے، خیبر پختونخوا میں بنائی جانے والی کابینہ پی ڈی ایم کی کابینہ ہے۔