کراچی: (دنیا نیوز) سابق گورنر سندھ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارا دور آیا تو ہم ایسا نہیں کر سکتے، ہمارے لیڈر نے ہمیں کچھ اور سکھایا ہے، ہم قانونی اور آئینی ہاتھوں سے نمٹیں گے، فواد چودھری کا جسمانی ریمانڈ کیوں لیا گیا ہے، یہ سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے، ان کے منہ پر کپڑا لا کر پیش کیا گیا، کیا وہ گینگسٹر ہے یا ری پلسٹ ہے، الیکشن کمیشن منشی کہنے پر ناراض ہو جاتا ہے۔
عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار ہے نا منشی، جب سے پنجاب میں نگران حکومت قائم ہوئی ہے حالات ٹھیک نہیں، فواد چودھری کو گھر میں بغیر وارنٹ کے گھس کر گرفتار کیا گیا، عمران خان کی گرفتاری کا منصوبہ کارکنان نے ناکام بنایا، کورٹ کی حکم عدولی کی گئی، جبری اسلام آباد لے جایا گیا، عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک منصوبے کے ساتھ بنانا ری پبلک بنایا جا رہا ہے، جو اقتدار میں ہیں ان کی نہ تو کوئی اہلیت ہے نہ مقبولیت، ڈالر میں 25 روپے کا اضافہ ہوا، اکنامک ایمرجنسی کی آڑ میں تباہی پھیلائی جا رہی ہے، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک نے تعاون سے انکار کر دیا ہے۔