لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہ ڈالر میں ایک دن میں 25 روپے اضافہ ہوا، ڈالر کے ریٹ کا اتنا ہونا معاشی اور سیاسی تباہی ہے، آج اوپن مارکیٹ کا ریٹ ہی نہیں آیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ جون میں آئی ایم ایف پروگرام ایکسپائر ہونے جا رہا ہے، جون سے پہلے نئی حکومت کا آنا ضروری ہے جو معاہدہ کرے، آئی ایم ایف سے پہلے سے آن بورڈ رہتے تو اتنا نقصان نہ ہوتا، اس حکومت کی کوئی کریڈبیلٹی نہیں ہے، آئی ایم ایف اور عالمی ادارے اسی لیے ان سے زیادہ انگیج نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا مفتاح اسماعیل، اسحاق ڈار کی پالیسیوں نے معیشت کو تباہ کر دیا، گزشتہ نوماہ میں معاشی تباہی کےاثرات ابھی آنے ہیں ، اسحاق ڈار کی پالیسیوں کی وجہ سے آج ہر چیز کی قلت پیدا ہو گئی ہے، مہنگائی کی شرح 30 سے 40 فیصد تک جائے گی، نو ماہ پہلے یہ ملک 6 فیصد پر معاشی گروتھ کر رہا تھا، سیاسی استحکام کو برقرار رکھتے تو آج ڈالر نیچے آتا، آج خام مال کی ایل سیز نہیں کھل رہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ فنانشل ٹائمز نے لکھا پاکستان اکنامک کولیپس کے قریب ہے، فنانشل ٹائمز نے لکھا عمران خان اس وقت بہت زیادہ مقبول لیڈر ہیں، ہزاروں کارکن زمان پارک میں پہرہ دیتے رہیں گے ، زمان پارک کے باہر کسی کو بریانی نہیں دی جاتی، مسلم لیگ کی طرح اللہ رکھا پیپسی کو نہیں بلایا جاتا، زمان پارک کے باہر ہزاروں لوگ خود آ رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ نواز شریف، زرداری نے ایک دوسرے پر کیسز بنائے تھے، شہباز شریف، حمزہ شہباز کیس کے سارے گواہان مر جاتے ہیں، عمران خان کو گولیوں سے چھلنی کرنا فواد چودھری کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے عوام کے فیصلے پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کریں، ہم یہ کہہ رہے ہیں کاٹے لگانا بند کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کہا کرتے تھے ڈالر 200 روپے سے نیچے لائیں گے: اسد عمر
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت کو دوبارہ کھڑا کریں گے، اسحاق ڈار کی پالیسیوں سے ملک کو بچانا ہوگا، انہوں نے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، اقتدار میں آکر معیشت کو ریسکیو کرنا پڑے گا، ہمیں معلوم ہے مشکلات آئیں گی، ہماری کسی سے کوئی لڑائی نہیں ہے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، ہمارا مطالبہ شفاف انتخاب ہے۔
حماد اظہر نے کہا فواد چودھری کے اوپر چادر نہیں ڈالی گئی پورے جمہوری نظام پر ڈالی گئی، پنجاب پولیس نے عدلیہ کے احکامات کو ماننے سے انکار کیا، اس طرح نظام نہیں چل سکتا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی، انشاء اللہ ملک میں جمہوریت آئے گی۔
تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا چودھری پرویز الہٰی کو ادب سے جواب دینا چاہتا ہوں، پی ٹی آئی اس وقت ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، عمران خان نے روایتی سیاست کو رد کیا ہے، ہم جانتے تھے اسمبلیاں چھوڑنا مشکل راستہ ہے، معلوم ہے مزید مشکل راستے آئیں گے ہم تیار ہیں، ملک تباہ ہو رہا ہے تو ہم وزارت اعلیٰ کے مزے نہیں لے سکتے۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ہم نے اقتدار چھوڑ کر عوام کی سیاست کی ہے، عمران خان آج اگر سودے بازی کر لے تو اقتدار میں آسکتا ہے، عمران خان اقتدار کی سیاست نہیں کر رہا، یہ نہیں کہنا چاہیے کہ حکومت نہ چھوڑتے تو فواد چودھری اندر نہ ہوتے، فواد چودھری اس ملک کا ہیرو ہے، عمران خان کی سیاست مختلف ہے۔