لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی وفاداری آئین کے بجائے کہیں اور ہے، ان کو جتنی چابی دی جائے اس پرعملدر آمد شروع کر دیتے ہیں۔
زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ بتایا جائے فواد چودھری نے کونسی بغاوت کی ہے؟ انہوں نے کونسی غداری کی ہے؟ فواد چودھری کہہ رہا ہے 90 دن کے اندر الیکشن کرائے جائیں۔
سابق وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان کو تو توہین عدالت میں بلا لیا گیا تھا، طاقت ور لوگوں کے خلاف کچھ نہیں ہوتا، 9 ماہ میں ملک کا حشر کر دیا ابھی تک آپ لوگوں کی تسلی نہیں ہوئی، اگر ہمیں جیل میں ڈالنے سے ملک ٹھیک ہوتا ہے تو ڈال دیں۔
انہوں نے کہا میرے بارے میں کہا گیا پولیس کی گاڑی کو روکا، جس گاڑی کو روکا وہ ویگو ڈالا تھا جس پر نمبر بھی نہیں تھا، میں تو حیران ہوں عدلیہ نے حکم عدولی کو کیسے برداشت کر لیا، حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، انتخابات کرائے جائیں۔