اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ملک سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا ہوا، اگلی سردیوں کیلئے روس سے گیس کا معاہدہ کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جتنی چیزیں خریدیں گے اتنا ہی زرمبادلہ کا بوجھ ہم پر کم ہو گا، مارچ میں تمام کمرشل ڈیلز پر دستخط ہو جائیں گے، 10سال میں پہلی مرتبہ کسی جگہ گیس کی وجہ سے ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی، کئی دفع لوگوں کو جیب سے کاغذ نکالتے دیکھا گیا جو کہتے تھے روس سے سستا تیل لے کر آؤں گا۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ مریم نواز کو ایک فونٹ کے استعمال پر 7 سال سزا دی گئی، ملک میں غدار اور باغی کی باتیں چھوڑ دی جائیں، اگر کسی نے قانون شکنی کی ہے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، ہم اپنے ملک میں انویسٹمنٹ کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے ٹارگٹ پر صرف اپوزیشن نہیں، ان کے دوست بھی ہیں، تمام معاملہ یہ ہے کہ میرا کیا بنے گا، عمران خان ساتھ کھڑے لوگوں کو مہروں کی طرح استعمال کرتے ہیں، جو ان کے دائیں بائیں کھڑے رہے ان کو بھی استعمال کیا اور پھینک دیا۔
مصدق ملک نے کہا عمران خان کہتے ہیں یا میں کھیلوں گا یا کوئی نہیں کھیلے گا، آپ نے اپنے دور میں کسی پر 25 کلو ہیروئن ڈلوا دی، خان صاحب آپ نے ہٹلر کی طرح پوری اپوزیشن پر آرٹیکل 5 لگایا، آپ نے نوازشریف کو بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر کرپٹ کہہ دیا، یہ مسودہ پیش کیا گیا جو عمران خان کے خلاف ووٹ دے گا وہ غدار ہے۔