ملک میں آج سے مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کاامکان

Published On 28 January,2023 09:41 am

کوئٹہ : (دنیا نیوز ) محکمہ موسمیات نے کراچی میں بونداباندی اور دو روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں پہاڑوں پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔

محکمۂ موسمیات نے بارش کا سبب بننے والا مغربی ہواؤں کے سلسلے کے آج سے بلوچستان میں داخل ہونے اور صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کردی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتراضلاع میں آج بھی ہلکی ہلکی بارش اور برفباری ہوئی ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ہرنائی، قلات، خضدار، چمن، قلعہ سیف اللہ ، قلعہ عبداللہ ،پیشن ، خانوزئی ، مسلم باغ، دالبندین،نوکنڈی ،تربت پنجگور میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔

محکمہ پی ڈی ایم اے نے 28 اور 29 جنوری کو شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

علاوہ ازیں چاغی کے مختلف علاقوں میں رات سے ہلکی ہلکی بارش کی سبب پاک افغان سرحدی علاقہ براپچہ میں سردی میں اضافہ ہوگیا ہے ، آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کے ڈیرے پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا ، گریس ویلی شاہراہ 13 روز سے بدستور بند، نظام زندگی متاثر ہوا ہے جبکہ برفباری سے بند شاہراؤں کی بحالی جاری ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی  06ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا، زیارت میں کم سےکم درجہ حرارت منفی11 ، قلات منفی 08، ژوب منفی02، بارکھان میں 02، سبی میں03، تربت میں 08، پنجگور میں منفی 01 ، اوڑمارہ میں07، گوادراور پسنی میں 08اورجیونی میں09، دالبندین منفی03 جبکہ نوکنڈی اور لسبیلہ میں منفی01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔


 

Advertisement