خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب، کشمیراور گلگت بلتستان میں بارش، پہاڑوں پر برفباری متوقع

Published On 21 January,2023 10:30 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب، کشمیراور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو ئی ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد رہا ہے۔

اس دوران سب سے زیادہ بارش راولا کوٹ 7، مظفر آباد 6، گڑھی دوپٹہ 2، سیدو شریف 4، دیر 3، کالام ایک، مری 4، اٹک 3، اسلام آباد 2، فیصل آباد، خانیوال، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مالم جبہ 6، مری ایک اور سکردو میں ہلکی برفباری ریکارڈ ہوئی ہے، ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 14، زیارت منفی 11، استور ، کالام منفی 9، گوپس منفی 8، ہنزہ منفی 7، مالم جبہ، سکردو منفی 6، قلات منفی 5، کوئٹہ، بگروٹ منفی 4 اور مری میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement