ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا: محکمہ موسمیات

Published On 26 January,2023 10:03 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ کراچی میں آج سے سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہے گا جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں دھند متوقع ہے۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، کوئٹہ سمیت زیارت، ژوب، قلات اور کئی علاقوں کے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے پہنچ گئے، زیارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ صوبے کا سرد ترین مقام رہا، قلات منفی 7، کوئٹہ اور ژوب منفی 6 جبکہ بارکھان میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سبی اور تربت 8، پنجگور منفی 2، گوادر 13اور پسنی میں 12 ، خضدار منفی 4، دالبندین منفی 2 اور لسبیلہ میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے شمالی اور وسطی اضلاع شدید سرد رہنے کا امکان ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

دوسری جانب کراچی میں آج سے سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے، 35 سے 50 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل سکتی ہیں، تیز ہواؤں کاسلسلہ جمعرات کی دوپہر سے ہفتے کی صبح تک جاری رہے گا، ہوامیں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے سردی زیادہ محسوس ہوگی، ہفتے کی صبح یا شام تک تیز ہواؤں کا سلسلہ رک جائے گا۔