اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس کی جانب سے فواد چودھری کو کپڑا ڈال کر لے جانے پر عدالت نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت کی جانب سے منع کرنے کے باوجود فواد چودھری کی اہلیہ اور بھائی فیصل چودھری جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کے پاس پہنچ گئے، اہلیہ ہبہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے شکایت کی کہ فواد چودھری پر پولیس نے پھر کپڑا ڈال دیا ہے۔
شکایت پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ کیوں کپڑا ڈالا گیا ہے، تفتیشی افسر کو بلائیں، جس پر تفتیشی افسر نے حاضر ہو کر جواب دیا کہ فواد چودھری کو حفاظتی گارڈ لے کر گئے ہیں، میں یہیں کھڑا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: فواد کو دہشتگرد کی طرح پیش کیا، کوئی شک نہیں ہم بنانا ریپبلک میں رہ رہے ہیں: عمران
جوڈیشل مجسٹریٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے کہا آپ یہاں کھڑے کیا کر رہے ہیں؟ جائیں اور کپڑا ہٹائیں۔
اس دوران فیصل چودھری نے استدعا کی کہ آپ پولیس کے ایس پی کو بھی بلا کر یہی حکم کر دیں، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے جواب دیا تفتیشی افسر کو کہہ دیا ہے، وہ کر دے گا۔