لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ یہ کالا کپڑا فواد چودھری پر نہیں بلکہ کالے قانون پر ڈالا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ فواد چودھری نے کہا کیا ہے اور کیا کیا ہے؟، پی ٹی آئی رہنما نے صرف یہ کہا کہ آپ نگران سیٹ اپ کی جگہ نگرانی سیٹ اپ لگا دیتے ہیں، 25 مئی کے ملزموں کا سیٹ اپ آگے لایا جا رہا ہے، جو کالا قانون آپ سیاسی حریف کو دبانے کیلئے لگاتے ہیں یہ ڈالر نیچے لانے میں لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ جو طاقت آپ سیاسی حریف کو دبانے میں لگا رہے ہیں یہ ملک چلانے میں لگائیں، میرا سیلوٹ ہے فواد چودھری کو جو ان طاقتور لوگوں کا سامنا کر رہے ہیں، اس ملک کے اندر آئین کی قانون کی جنگ جاری رہے گی، میں سوال کرتا ہوں عدلیہ سے یہ جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے اسکو کون دیکھے گا۔
سابق وزیر مملکت اور تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے مزید کہا کہ الیکشن کی تاریخ نہیں آ رہی، ان کا این آر او 2 کا کیس بھی عدلیہ کے سامنے ہے، میں عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ انصاف آپ نے ہی کرنا ہے، ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔