اسلام آباد : (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع لسبیلہ میں مسافر کوچ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے بلندی درجات کے لئے دعا اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
وزیراعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ، انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا اظہار افسوس
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی بلوچستان کے علاقہ لسبیلہ میں کوچ کھائی میں گرنے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔
جاری بیان کےمطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس دردناک حادثے پر پورا ملک غمزدہ ہے،حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ متعلقہ حکام حادثے کے اسباب معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کریں تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔
سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا اظہارافسوس
قومی اسمبلی کےسپیکر راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے لسبیلہ میں کوچ کو پیش آنے والے المناک حادثے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
واضح رہے کہ آج بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے میں کوئٹہ سے کراچی آنیوالی مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے کم ازکم 40 افراد جاں بحق ہوگئے۔