اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف سے اتحادی جماعتوں کے سربراہوں مولانا فضل الرحمان اورآصف علی زرداری کی ملاقات ہوئی جس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اتحادی قائدین نے مشکل وقت میں مل کرحکومتی اقدامات کا دفاع کرنے پر اتفاق کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی معاشی صورتحال اتحادی قائدین کے سامنے رکھ دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور جمعیت علماۓ اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات
— PML(N) (@pmln_org) January 26, 2023
ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر براۓ اقتصادی و سیاسی امور سردار ایاز صادق اور وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق بھی شریک ہوۓ pic.twitter.com/LtUVSwMpAh
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں مشکل فیصلے ناگزیر ہو چکے ہیں، حالات پر قابو پانےکیلئے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنا پڑیں گی، وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کو بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے سمیت ممکنہ اقدامات پر اعتماد میں لیا۔
وزیر اعظم کا اتحادی سربراہوں کو بریفنگ میں کہنا تھا کہ بہت سے شعبوں کی ٹیکس چھوٹ ختم کرنا پڑے گی، ڈالر کو مارکیٹ کے مطابق کرنے کا فیصلہ بھی آئی ایم ایف کی شرط تھی، آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد معاشی صورتحال بہتر ہو گی۔
ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر برائے اقتصادی و سیاسی امور سردار ایاز صادق اور وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔