اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں جنیوا کانفرنس اور سیلاب کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے تعمیر نو اور بحالی کی کوششوں کے لیے امریکا کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، انہوں نے پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان منظم اور وسیع البنیاد رابطے دوطرفہ اور علاقائی شعبوں میں دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے عمل کے حوالہ سے اہم ہے۔
ملاقات کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ سیلاب سے بحالی کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی اور اصلاحات کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔