ملکہ کوہسار میں برفباری، سیاحوں کا رش بڑھ گیا، ٹریفک ایڈوائزری جاری

Published On 30 January,2023 04:29 am

مری : ( دنیا نیوز ) ملکہ کوہسار مری میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مری آنے والے سیاحوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

سٹی ٹریفک آفیسر ( سی ٹی او ) کے مطابق مری میں اب تک 4 انچ برف پڑ چکی ہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں موجود ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہوچکی ہیں۔

ڈی ایس پی ٹریفک کے مطابق مری جانے سے پہلے موسمی حالات سے متعلق آگاہی حاصل کریں جبکہ سیاح مکینکلی طور پر درست گاڑی کا انتخاب کریں۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ منفی ٹمپریچر ہونے کی وجہ سے گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکیوڈ کا استعمال کریں جبکہ برفباری کے دوران اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل اورٹائروں پر چین کا استعمال کریں اور گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں گاڑی کے شیشے مکمل طور پر بند نہ کریں۔

ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ برفباری میں گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اورٹیکنگ سے گریز کریں۔ 

Advertisement