لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔
جسٹس جواد حسن نے اسد عمر کہ درخواست پر 5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی درخواست سماعت کیلئے منظور کی جاتی ہے، گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کو 3 فروری تک رپورٹ اور شق وار جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت کیس میں آرٹیکل 105، 112، 218، 219 اور 5 کی تشریح کرے گی، آئینی تشریح کا معاملہ ہے اس لیے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو الگ سے نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن نے گورنر کو الیکشن کی تاریخ کیلئے خط لکھا لیکن اسکا جواب نہیں دیا گیا، تحریک انصاف نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، کیس پر مزید کارروائی 3 فروری کو ہو گی۔