اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری کی اہلیہ حبا چودھری نے کہا ہے کہ فواد چودھری کو سی کلاس کی جیل میں رکھا گیا ہے، فواد کے ساتھ دہشتگردی کے ملزمان ہیں۔
کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کی اہلیہ حبا چودھری نے کہا کہ فواد چودھری کا حوصلہ بلند ہے، فواد چودھری کے لئے بی کلاس جیل کی سہولت کے لئے مطالبہ کیا ہے، جیل میں بی کلاس تمام سیاسی شخصیات کو دی جاتی ہے تو فواد چودھری کو کیوں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل فواد سے 8 دنوں بعد ملاقات ہوئی، دو بیٹیوں کے ساتھ فواد چودھری سے ملنے اڈیالہ جیل گئی، ذہنی طور پر بہت مشکل لمحات تھے کیونکہ اڈیالہ جیل میں ماحول اچھا نہیں۔
حبا چودھری کا مزید کہنا تھا کہ فواد چودھری کے اہل خانہ کے حوصلے بلند ہیں، فواد سے تشدد کے حوالے سے بات نہیں کی، دو اور چار سال کی بچیوں کے ہاتھوں پر اڈیالہ جیل میں سٹمپ لگائی گئی، فواد چودھری سے پوچھا کہ سوشل میڈیا اور موبائل کے بغیر جیل میں رہ رہے ہو تو انہوں نے اس بات پر قہقہہ لگایا۔