لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سے برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر (Ms. Zoe Ware) نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں خصوصاً تعلیم، صحت اور صحافیوں کی تربیت کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا بہترین دوست ملک ہے، برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پنجاب کے سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے برطانیہ کے تعاون کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں، برطانیہ کیساتھ شراکت داری مزید بڑھانے کیلئے اقدامات کریں گے۔
محسن رضا نقوی نے کہا کہ پاکستانی صحافیوں کی برطانوی اداروں میں جدید ٹریننگ کاجائزہ لیا جائے، ان کی تربیت کیلئے برطانوی معاونت کا خیر مقدم کریں گے، میڈیا کی تیز رفتار ترقی کے دور میں جدید تربیت حاصل کرنا صحافیوں کیلئے ناگزیر ہے، جس سے صحافی اپنے فرائض پروفیشنل انداز میں سرانجام دے سکیں گے، برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کی ذمہ داری ملی ہے، نگران حکومت منصفانہ الیکشن کرانے کی ذمہ داری بطریق احسن ادا کرے گی، پوری کوشش ہے کہ عام آدمی کی زندگیوں میں زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں۔