اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹ گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے ایوان بالا میں پارلیمانی رہنماؤں پر مشتمل ایک اہم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
کمیٹی اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹرز سلیم مانڈوی والا، اعظم نذیر تارڑ، انوار الحق کاکڑ، مشتاق احمد، سردار محمد شفیق ترین، حاجی ہدایت اللہ، مولانا عبدالغفور حیدری، دلاور خان اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان نے شرکت کی۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹ آف پاکستان کے قیام کی گولڈن جوبلی منانے کے حوالے سے منعقد ہونے والی خصوصی تقریبات کے بارے میں پارلیمانی رہنماؤں سے تفصیلی مشاورت کی۔
چیئرمین سینیٹ نے آگاہ کیا کہ ایوان بالا کا 50 سالہ سفر جمہوری اقدار کو فروغ دینے، وفاقی اکائیوں کے حقوق اور بھر پور نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے تاریخی اور قابل تحسین ہے، انہوں نے اجلاس میں تجویز دی کہ سینیٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات جو کہ ملک بھر میں بھر پور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا تھا کو ملک کے معاشی حالات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے محدود کیا جائے تا کہ اُن تقریبات کے انعقاد پر آنے والے اخراجات کو حتیٰ الامکان کم سے کم کیا جائے۔
اجلاس میں شریک پارلیمانی رہنماؤں نے چیئرمین سینیٹ کی تجویز کو سراہتے ہوئے اتفاق کیا کہ صوبائی سطح پر منعقد ہونے والی تقریبات کی بجائے صرف وفاقی دارالحکومت میں مختصر اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیاجائے۔
اس سلسلے میں 15 سے 17 مارچ 2023 تک ایوان بالا کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں طلب کیا جائے گا، جس میں تمام اراکین سینیٹ کو اظہار خیال کا بھر پور موقع دیا جائے گا، گولڈن جوبلی تقریبات میں سابق اراکین سینیٹ سمیت غیر ملکی مہمانوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا کی گولڈن جوبلی تقریبات کے انعقاد کا مقصد ایوان بالا کی تاریخی اور مثالی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، اس جمہوری سفر میں جمہوری پارلیمانی نظام اور قانون کی حکمرانی کے فروغ دینے کے ایوان بالا کے نصف صدی پر محیط کردار کو احسن طریقے سے اجاگر کرنا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا کہ تقریبات پر اخراجات کم سے کم صرَف ہوں، انہوں نے کہا کہ جہاں معاشی سطح پر مسائل ہیں وہاں سیلاب متاثرین کی بحالی کاکام بھی جاری ہے اور اس ضمن میں بہتر ہو گا کہ کفایت شعاری پر عمل کرتے ہوئے اخراجات کو کم کیا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے تجویز پر اتفاق کے سلسلے میں تمام پارلیمانی رہنماؤں کاشکریہ بھی ادا کیا۔