ڈیجیٹل پاکستان اور شفافیت کیلئے ڈیجیٹل پی ایس ڈی پی اہم قدم ثابت ہو گا، احسن اقبال

Published On 01 February,2023 07:42 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹل پی ایس ڈی پی اہم قدم ثابت ہو گا، پچھلی حکومت کی پالیسیاں معاشی بحران کا موجب بنیں، ہمیں ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کی اشد ضرورت ہے لیکن وسائل ناپید ہیں۔

ڈیجیٹل پی ایس ڈی پی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر منصوبہ کا پی سی ون ویب سائٹ پر پڑتال کے لئے موجود ہو گا، پوری قوم کو ٹیم پاکستان کے طور پر کام کر کے موجودہ بحران کو شکست دینی ہے، ترقیاتی بجٹ میں کرپشن کے سد باب کے لئے وزارت میں محتسب کا دفتر قائم کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا دارومدار برآمدات میں تیز ترین اضافہ پر ہے، وسائل کی کمی کا تقاضا ہے کہ ترقیاتی بجٹ میں ہر روپے کا بہترین مصرف ہو، 2047 میں پاکستان کہاں ہوگا؟ ہم سب کو سوچنا ہے، امن و استحکام کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے: احسن اقبال

احسن اقبال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے پارٹی چھوڑنے سے متعلق وضاحت دے دی ہے، وہ کہیں نہیں جا رہے، پارٹی کا حصہ ہیں، پاکستان نے آئی ایم ایف کے کہنے پر سخت فیصلے کئے ہیں، مسلم لیگ (ن ) کے قائد نواز شریف ہیں، مسلم لیگ بحیثیت جماعت چٹان کی طرح متحد ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) میں تقسیم کی باتیں 20 برسوں سے کی جا رہی ہیں، جماعت میں اختلافات ہو سکتے ہیں، باتیں کرنے والے مایوس ہوں گے۔