اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آٹھویں پاک ازبک مشترکہ وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری اقتصادی امور اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسروں نے شرکت کی، ملاقات میں ازبکستان میں مجوزہ پاکستان ازبکستان مشترکہ وزارتی کانفرنس کے پلان پر غور کیا گیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے، کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، ریلوے، سرمایہ کاری، زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔
اس کے علاوہ ٹرانس افغانستان ریل اینڈ روڈ پراجیکٹ، تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالرتک بڑھانا، دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون اور برآمدات،درآمدات میں سہولیات کی فراہمی کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔