لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تحریک انصاف کے 43 سابق ایم این ایز کے استعفے منظور کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
تحریک انصاف کے سابق ارکان اسمبلی ریاض فتیانہ، نصر اللہ خان، طاہر صادق سمیت دیگر نے استعفوں کی منظوری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ممبران اسمبلی نے استعفے منظور ہونے سے قبل واپس لے لیے تھے، سپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ استعفوں کی واپسی کے بعد منظور کریں، درخواست میں نقطہ اٹھایا گیا ہے کہ سپیکر نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفے عدالت عظمیٰ کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کیے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفے انتقامی کارروائی کے لیے منظور کیے ہیں، ممبران کی مرضی کے بغیر استعفے منظور کرنا غیر آئینی و غیر قانونی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفوں کی منظوری کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔