نازک ترین حالات کے باوجود اداروں کا ہدف پی ٹی آئی اور اس کے اتحادی ہیں: مسرت چیمہ

Published On 02 February,2023 09:40 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور سابق ترجمان وزیراعلیٰ و حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس عوامی مینڈیٹ نہ ہونے کی وجہ سے سارا ملبہ ان کو لانے والوں پر گر رہا ہے، ملک کے نازک ترین حالات کے باوجود اداروں کا ہدف پی ٹی آئی اور اس کے اتحادی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بدامنی اور ریاست پر عدم اعتماد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، عوام امپورٹڈ ٹولے کے بجائے ان کو لانے والوں کو حالات کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں، 22 کروڑ عوام کے ملک کیلئے یہ انتہائی تشویشناک صورت حال ہے۔

مسرت جمشید چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید ملک کے سینئر سیاستدان ہیں، رات کی تاریکی میں ان کا اغواء قابل مذمت ہے، عمران خان کی جان کو لاحق خطرات کے حوالے سے پیشگی کی گئی بات سچ ثابت نہیں ہوئی؟ تحقیقات اور اصل ملزمان پکڑنے کی بجائے سارا زور جے آئی ٹی کو بند کرنے پر لگایا گیا، اس کے پیچھے کون سی طاقتیں ہیں عوام سے کچھ ڈھکا چھپا نہیں ہے۔
 

Advertisement