کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے 10 سالوں میں خیبرپختونخوا کو محفوظ نہیں بنایا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آج کراچی میں وزیر اعظم نے پاک چین دوستی کا نشان کینپ تھری کا افتتاح کیا ہے، کینپ ون اور کینپ ٹو سے ہم سستی بجلی حاصل کر رہے ہیں، گرین لائن کے منصوبہ کا 2014 میں سنگ بنیاد رکھا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج یہ منصوبہ اپنی پہلی سالگرہ مکمل کر چکا ہے، کراچی والوں نے ہمیں ایک سیٹ نہیں دی ہم نے 25 ارب کا گرین لائن کا تحفہ دیا، کراچی سے سیٹ ملے یا نہ ملے خدمت کرنا فرض ہے، شہر میں پانی فراہمی کی بہتری کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے، فواد چودھری کے خلاف الیکشن کمیشن نے مقدمہ درج کروایا، گزشتہ حکومت نے 10 سالوں میں خیبرپختونخوا کو محفوظ نہیں بنایا، جب الیکشن ہو گا تو لوگ پی ٹی آئی قیادت سے سوال کریں گے، آئی ایم ایف معاہدہ تحریک انصاف نے کیا۔