کراچی: (دنیا نیوز) ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی بیٹی کی سالگرہ کیلئے کراچی چڑیا گھر کو شہریوں کیلیے بند کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات سندھ نجم شاہ نے اپنی بیٹی کی سالگرہ کی تقریب چڑیا گھر میں منعقد کی جس کے باعث سستی تفریح کیلیے آنے والے شہری محصور ہوگئے۔
مغل گارڈن میں تقریب کے باعث املی گلی کو بند کردیا گیا اور سیکیورٹی اہلکاروں نے جگہ کو اپنے حصار میں لیکر شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگادی۔
پولیس کی اضافی نفری دیکھ کر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور انہوں نے فوری طور پر چڑیا گھر سے نکلنا شروع کردیا۔
شہریوں نے اس عمل کو انتہائی ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چڑیا گھر میں سستی تفریح کے لیے آتے ہیں لیکن اتنے بڑے عہدے پر فائض افسر کا یہ عمل شرمناک ہے جس پر وزیر اعلیٰ سندھ کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔