عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: صدر مملکت

Published On 05 February,2023 09:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔

یوم یکجہتی کشمیر پر صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے مبصرین، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بلا روک ٹوک داخلے کی اجازت دے۔

صدرمملکت کا کہنا تھا کہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کو بھارتی قبضے کے خلاف کئی دہائیوں پر محیط مزاحمت کے دوران بے لوث قربانیاں دینے پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 

Advertisement