سموگ سے نمٹنے کیلئے تکنیکی معاونت پر اٹلی کا خیر مقدم کریں گے: محسن رضا نقوی

Published On 05 February,2023 06:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سے اٹلی کے ترقیاتی تعاون کے ادارے کے ڈائریکٹر لوکا میسٹر یپیری(Mr.Luca Maestripieri) کی سربراہی میں 13رکنی وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پنجاب میں زراعت، ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں اشتراک، ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے نمٹنے کیلئے اطالوی تکنیکی معاونت، جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید کے حوالے سے تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔

محسن رضا نقوی نے اٹلی کے وفد سے زراعت، ووکیشنل ٹریننگ، ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کیلئے باہمی تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں سموگ سے نمٹنے کیلئے تکنیکی معاونت پر اٹلی کا خیر مقدم کریں گے، یورپی یونین کی مارکیٹوں تک رسائی دینے پر اٹلی کے ممنون ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مشترکہ کاوشوں سے پولیو کے مرض کا خاتمہ کریں گے : نگران وزیراعلیٰ پنجاب

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ زراعت اور دیگر شعبوں کی بہتری کیلئے اٹلی کی تکنیکی سپورٹ کا بھی خیر مقدم کریں گے، اٹلی میں ٹیوٹا انسٹرکٹرز کی ٹریننگ سے پنجاب کی ووکیشنل ایجوکیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اطالوی وفد کے سربراہ نے کہا کہ لاہور آکر خوشی ہوئی، ثقافت اور لوگوں کی مہمان نوازی متاثر کن ہے، پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سی ای او نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی۔