لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ نہتے کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
محسن رضا نقوی نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی، بھارت کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، روزانہ ماؤں کے بیٹے مارے جا رہے ہیں، خواتین کو ہراساں کیا جاتا ہے، کشمیری عوام کے ساتھ بھارت کے روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، کشمیری لاک ڈاؤن میں زندگی گزار رہے ہیں، اقوام عالم کو کشمیریوں کے دکھ درد کا احساس ہونا چاہیئے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کا حق خود ارادیت ناگزیر ہے، بھارتی مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں، پاکستانی قوم 5 اگست 2019 سے فوجی محاصرے اور مواصلاتی ناکہ بندی کے شکار کشمیری بہن بھائیوں کیلئے بھرپور حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔