نارووال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جب بھی الیکشن آئے گا مجھے یقین ہے 2013 میں قوم نے نواز شریف کو بھاری ووٹوں کے ساتھ جتوا کر حکومت دی تھی، ہمارے ہاتھ پھر مضبوط ہوں گے اور مسلم لیگ (ن) دوبارہ اس ملک کو ٹھیک کرے گی۔
نواحی گاؤں ہری چند پورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ آپ میں سے کون اناڑی کو چابی دے گا، آپ لوگ اناڑی کو موٹر سائیکل دیں گے تو وہ اپنا سر بھی پھاڑے گا اور موٹر سائیکل بھی توڑ دے گا، کراچی اور دوسری جگہ سے دھاندلی کے ساتھ پی ٹی آئی کو سیٹیں دے کر اناڑی کو ملک کے اوپر بٹھا دیا گیا، اس نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا، اپنا سر بھی توڑا اور پاکستان کی معیشت بھی تباہ کر دی۔
وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ نے کہا کہ حادثہ ایک لمحہ میں ہوتا ہے، اس کے علاج میں کئی مہینے لگتے ہیں، ملک کی معیشت ایک غلط فیصلہ تباہ کر دیتا ہے، معیشت کو دوبارہ سنبھالنے کیلئے بڑے مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں، مریض جب ڈاکٹر کے پاس جاتا ہے تو ڈاکٹر مٹھائی اور حلوہ نہیں دیتا، بلکہ علاج کیلئے کڑوی گولیاں دیتا ہے یا آپریشن کروانا پڑتا ہے جو بڑا تکلیف دہ ہوتا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ آج پاکستان کی معیشت کی یہی صورت حال ہے، عمران خان جہاں ہمیں پھینک گیا ہے ہمیں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کرنے پڑ رہے ہیں، آئی ایم ایف کہہ رہی ہے آپ اتنا قرضہ لے چکے ہیں، مثال کے طور پر آپ نے 4 سو قرضہ ادا کرنا ہے، آپ کی آمدنی 100 روپے ہے، آپ 300 سو روپے کہاں سے لے کر آئیں گے، لہٰذا ٹیکس بڑھاؤ، بجلی مہنگی کرو، پٹرول مہنگا کرو۔
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ 2013 میں بجلی کے بحران پر قابو پایا ، اسی طرح 2 سے 3 سال میں عمران خان جو تباہی کرگیا ہے اس میں سے ملک کو نکالیں گے ، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کا کیا فرق ہے؟ ، مسلم لیگ (ن) جب حکومت میں آتی ہے تو نئے منصوبے بناتی ہے۔