اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سوگوار خاندانوں کے لیے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زلزلے سے متاثرہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے، ہمیں یقین ہے کہ ترک قوم اس قدرتی آفت پر ہمت اور عزم کے ساتھ قابو پا لے گی۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں شدید زلزلے کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔