ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جھوٹے مقدمات میں پکڑدھکڑ اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔
ملتان میں الیکشن کمیشن کے آفس کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضمنی انتخابات کا اعلان ہوچکا ہے، تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، میں یہ الیکشن اپنی ذات کیلئے نہیں جماعت کیلئے لڑ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مقاصد کے حصول کے لئے پنجاب میں من پسند تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے، جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، چھاپے مارے جا رہے ہیں، پورے پنجاب میں انتقامی کارروائی کا ماحول دکھائی دے رہا ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ الیکشن کے نام پر ایک ڈرامہ دیکھ رہا ہوں، پاکستان کے شہریوں کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوں گی، آئین کو پامال کیا جا رہا ہے، اس وقت پاکستان کی عدلیہ کی آزمائش ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری کو نبھانے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے، جو واقعات آج رونما ہو رہے ہیں ماضی میں کبھی نہیں دیکھے، یہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔