اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اورجمہوریہ کوریا کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیرسوسانگ پیو کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے محصولات طارق محمود پاشا اور وزارت خزانہ کے سینئرافسران بھی موجود تھے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات پرروشنی ڈالی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت کے تبادلہ اور ترقیاتی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
H.E. Mr.Suh Sangpyo, Ambassador of the Republic of Korea called on Finance Minister Senator Mohammad Ishaq Dar,today and exchanged views on enhancing the bilateral ties between both the countries in areas of trade, investment, human exchange and development cooperation. pic.twitter.com/Ff9qbUZ0po
— Ministry of Finance (@FinMinistryPak) February 7, 2023
وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت باہمی دلچسپی کے دیگر مختلف پہلوؤں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ موجودہ دوطرفہ تعلقات کو نئی سطح تک بڑھایا جا سکے، وزیر خزانہ نے جمہوریہ کوریا کے سفیر کو سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس سلسلے میں انہیں حکومت کی طرف سے تعاون اورسہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا۔
جمہوریہ کوریا کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اوراسے مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان شعبہ جات میں باہمی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کو خوش آئند قرار دیا اور جمہوریہ کوریا کے سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔