اسحاق ڈار کا ترکیہ کے سفارتخانے کا دورہ، تعزیتی کتاب میں تاثرات درج کیے

Published On 09 February,2023 09:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور تباہ کن زلزلے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تعزیتی کتاب میں دلی تعزیت اور ہمدردی کے تاثرات درج کئے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام تباہ کن زلزلے میں قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات پر غمزدہ ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک بحران اور مشکل کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
 

Advertisement